پشاور(این این آئی) خیبرپختونخواحکومت نے محرم الحرام کے دوران افغان مہاجرین کی شہر میں نقل و حرکت اور موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے محرم الحرام کے دوران صوبے میں سیکیورٹی انتظامات کے تحت افغان مہاجرین کی شہر میں نقل و حرکت اور 9 ، 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ داخلہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے خیبرپختونخوا میں خصوصی انتظامات کے لیے جامع پلان مرتب کرلیا اور اس حوالے سے اداروں کو بھی خطوط ارسال کردیے۔محرم الحرام کا آغاز 19 جولائی 2023 سے متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق محرم الحرام میں افغان مہاجرین کی شہر کے اردگرد نقل و حرکت پر پابندی ہوگی اور انہیں کیمپوں تک محدود رکھنے کی ہدایت کی جائے گی۔