دیامر/اسلام آباد (این این آئی)گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے تھلیچی کے قریب شاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 12 سیاح زخمی ہوگئے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) محمد ایاز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مقامی لوگوں نے ریسکیو میں مدد کی، ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے متعلقہ وفاقی محکموں کو امدادی کاموں میں معاونت کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کرانے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لئے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا ء کی ۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا ء کی ۔