اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی ایتھلیٹس کا ڈوپنگ اسیکنڈل منظر عام آگیا، پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن قومی ایتھلیٹس میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی روک تھام میں ناکام، چار ایتھلیٹس اور ایک ویٹ لفٹر کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکل آیا ، اتھلیٹکس فیڈریشن پر انٹرنیشنل پابندی کے خطرات منڈلانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے کھیلوں میں قوت بخش ادوایات کی وک ڈوپنگ سے متعلق زیرو ٹالرنس کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے نیشنل گیمز کے دوران مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے 20قومی ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ لغے تھے جن میں سے پانچ کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکل آے ہیں۔
پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن ایک بار پھر پلیئرز کی مانیٹرنگ کرنے اور ممنوعہ ادویات کے استعمال کی روک تھام میں ناکام ہوگیا ہے۔ مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنیوالوں میں ایشین ایتھلیٹک چیمپئین شپ کیلئے منتخب ہونیوالی اور نیشنل گیمز کے سو، دو سو اور چار میٹر ریس میں تین گولڈ میڈل جیتنے والی ایشا عمران سرفہرست ہے جس کے باعث پاکستان کی عیشا عمران کو خواتین کی 200 میٹر دوڑ میں شرکت سے روک دیا گیا۔
پاکستانی ایتھلیٹ عیشا عمران کو خواتین کی دو سو میٹر ہیٹس میں شرکت کرنا تھا تاہم آفیشل شیٹ میں ان کے نام کے سامنے ’’ڈی این ایس‘‘لکھا تھا یعنی وہ ریس میں شریک نہیں ہوئی۔ذرائع کے مطابق عیشا عمران کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایونٹ میں شرکت سے روکا گیا۔ عیشا عمران کا نیشنل گیمز میں کیا گیا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ۔تھائی لینڈ میں موجود پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کے ذرائع نے تصدیق کی کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی ہدایت پر عیشا کو آج ایونٹ میں شرکت سے روکا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گیمز میں مجموعی طور پر پانچ کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جن میں چار کا تعلق ٹریک اینڈ فیلڈ جبکہ ایک کا تعلق ویٹ لفٹنگ سے ہے۔دریں اثناء 800میٹر ریس میں گولڈ میڈلسٹ رابعہ عاشق کا بھی مثبت ڈوپ ٹیسٹ نکلا۔ رابعہ عاشق نے نیشنل گیمز میں دو گولڈ میڈلز جیتے تھے۔
نیشنل گیمز کے سو میٹر مینز ریس کے گولڈ میڈلسٹ نعیم اختر اور عزیر رحمن کا بھی ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکلا ، ویٹ لفٹنگ میں محمدطاہر بھی مثبت ڈوپ ٹیسٹ والوں میں شامل ہیں۔مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے پر اتھلیٹس کو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ماضی میں سیف گیمز میں بھی تین ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکلے تھے۔ ڈوپنگ معاملات کے باعث پی او اے نے اتھلیٹکس فیڈریشن کی رکنیت معطل کر رکھی ہے