کینبرا(این این آئی)جنوبی آسٹریلیا کی ریاست میں ایلسٹن قصبے کے قریب ساحل سمندر پر حیران کن واقعہ پیش آگیا۔سمندر میں ایک شخص سرفنگ کرتے ہوئے اچانک غائب ہوگیا۔ لاپتہ سرفر کا سراغ لگانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر کچھ معلوم نہ ہوسکا۔
سرفر کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ وہ شارک کا رزق بن گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہنگامی خدمات کو ریاست کے دارالحکومت ایڈیلیڈ سے 650 کلومیٹر جنوب میں ایلسٹن قصبے کے قریب ساحل سمندر پر بلایا گیا تھا۔ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے 46 سالہ سرفر کی تلاش میں انتھک محنت کی لیکن سرفر نہ مل سکا۔
ریاست کی ہنگامی خدمات کے ترجمان نے بتایا کہ ایک ٹیم کشتی کے ذریعے دور تک کے علاقوں میں اس شہری کی تلاش کرتی رہی۔واضح رہے قصبہ ایلسٹن کی آبادی تقریبا ایک ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ یہ قصبہ سرفنگ کے مقامات کے حوالے سے مشہور ہے اور بہت سے مہم جو اس قصبہ کا رخ کرتے ہیں۔