اسلام آباد(این این آئی)ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی اور تیز بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بلیو ایریا سمیت مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ کالے بادلوں نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی اور موسم کی اچانک تبدیلی نے شہریوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ملکہ کوہسار مری میں بھی موسلادھار بارش، گرج چمک اور آندھی کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا۔ بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور سیاح ہوٹلوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔آزاد کشمیر میں بھی موسم نے اچانک کروٹ لی۔ کالی گھٹاؤں کے برسنے سے دارالحکومت مظفرآباد سمیت مختلف علاقوں کا موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا۔ گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔پشاور اور گردونواح میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں نے نظام زندگی کو متاثر کیا۔ متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔ادھر سوات کے میدانی علاقوں خاص طور پر مینگورہ اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم سہانا ہو گیا ہے۔بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔این ڈی ایم اے نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ طوفان اور شدید بارش کے دوران کھلی جگہوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں اور متاثرہ علاقوں کی طرف سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
