اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی میں پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ افسوس کیاہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ گفتگو میں کسی بھی قسم کے غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال کا ارادہ نہیں تھا، معزز سینیٹر کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں جملے کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اگر سینیٹر کی دل آزاری ہوئی ہے تو کمیٹی اجلاس میں معذرت کر چکے ہیں، سینیٹر ایمل ولی اور ان کے خاندان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے سینیٹر ایمل ولی پر چرس پینے کا الزام لگایا تھا، جس پر تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
