وادہ لیپا(این این آئی)دنیا بھر میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے حوالے سے مشہور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وادی لیپہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی جنہوں نے بھارتی جنگی جنون اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں مودی کے جنگی جنون کی حمایت کرنے والے سابق بھارتی کرکٹرز کو آئینہ دکھایا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انہیں منہ توڑ جواب دیا تھا۔اب سابق مایہ ناز قومی کرکٹر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے وادی لیپہ پہنچ گئے اور لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ انہوں نے لیپہ کرکٹ گراؤنڈ میں نوجوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان میں اپنے دستخط شدہ بیٹ بال بھی تقسیم کیے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ میں وادی لیپہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ جیسے آپ لوگوںنے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، وہ قابل تعریف ہے۔ بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے متاثرین معرکہ حق سے بھی ملاقات کی اور ان میں امدادی چیک تقسیم کیے، وادی لیپہ کی لوگوں کے جانب سے شاہدآفریدی کو اخروٹ کی لکڑی کا بنا ہوا شاہین تحفے میں دیا گیا۔
