فیصل آباد /مکوانہ(این این آئی) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مودی اور پی ٹی آئی والے چاہتے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام معطل ہوجائے،بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کہا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پہلگام کے واقعے میں سویلین ہلاک ہوئے۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو معطل کردیا ،بھارت پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے۔راناثناء اللہ نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ اور آزاد تحقیقات کرنے کی پیشکش کی ہے،اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے،بھارت پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کرنا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا، بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے آئی ایم ایف سے پاکستان کا پروگرام معطل کرنے کا کہا ہے، مودی اور پی ٹی آئی والے بھی چاہتے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام معطل ہوجائے، مودی کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ۔مشیروزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، ابدالی میزائل ایٹمی ہتھیار بھی لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔
