سکھر(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مودی سرکار کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ مودی سن لے، دریائے سندھ ہمارا ہے، اس میں یا تو ہمارا پانی بہے گا یا ان کا خون، ہم ڈٹ کر بھارت کا مقابلہ کریں گے، ہماری فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو بھارت نے پاکستان پر الزام لگا دیا، مودی نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں، ہماری افواج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔بلاول بھٹو نے کہاکہ ہر پاکستانی سندھو کا سفیر بن کر کہے گا سندھو پر ڈاکہ نا منظور، یہ دریا ہم سب کا ہے، دشمن کی آنکھ ہمارے دریا پر ہے، سندھ دریا سے ہمارا پانی بہے گا یا ان کا کا خون بہے گا، مودی کی سندھو کے حوالے سے کوششیں ناکام کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے طے کر لیا ہے کہ نیا کینال عوام کی مرضی کے بغیر نہیں بنے گا، تمام صوبوں کی رضا مندی کے بغیر کینال نہیں بن سکتے، طے ہوگیا ہے کہ آپ کی مرضی کے بغیر کوئی نئی نہر نہیں بنے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہاکہ سندھ نے اپنے اعتراضات مشترکہ مفادات کونسل میں رکھے ہیں، سندھ حکومت نے پانی کے معاملے پر جولائی سے اعتراضات کیے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا یکم مئی کو میرپورخاص میں جلسہ ہوگا، 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوگا، تمام صوبوں کی مرضی کے بغیر کوئی کینالز نہیں بنیگی،یہ ممکن نہیں ہوتا اگر پیپلزپارٹی کیجیالے جدوجہد نہیں کرتے، باہمی مشاورت کے بعد زرعی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے، معاہدے کے تحت پانی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جن منصوبوں پر اتفاق رائے نہیں ہوگا وہ منصوبہ واپس متعلقہ ادارے کو بھیجا جائیگا۔
