لاہور( این این آئی)پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ پر تشدد احتجاج سے صرف تین دن میں ملکی معیشت کو 10ارب کا نقصان پہنچ چکا ہے ،سیاسی ومعاشی بحران سے ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاری بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی لڑائی کا خمیازہ ملک کے چوبیس کروڑ عوام بھگت رہے ہیں ۔کاروباری سر گرمیاں نہ ہونے سے ٹیکس اہداف پورے ہونا مشکل نظر آرہے ہیں اور اب مزید نئے ٹیکسز کی شنید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات اور درآمدات سے وابستہ لوگوں کے مسائل گھمبیر ہو چکے ہیں ، درآمدی خام مال کی عدم دستیابی کی وجہ سے بڑی صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے گروتھ بھی نیچے آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سے اپیل ہے کہ مذاکرات کی میز سجائیں اور راستہ تلاش کیا جائے تاکہ پاکستان آگے بڑھ سکے ۔