اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق دعوں کو سختی سے مسترد کردیا۔منگل کووفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی کی قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، سیکرٹری صنعت، اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام چاروں صوبوں کے نمائندے زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے شرکاء کو چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں تضاد کے دعوں کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز چینی کی تھوک قیمت 159روپے فی کلو مقرر کرنے پر متفق ہو چکی اور تمام صوبوں کو اس معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں مختلف صوبوں میں چینی کی قیمتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پنجاب میں چینی کی تھوک قیمت 159روپے اور ریٹیل قیمت 164روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، سندھ میں چینی کی ریٹیل قیمت 168روپے فی کلو ہے، خیبر پختونخوا میں ایکس مل چینی کی قیمت 164روپے فی کلو ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے خیبرپختونخوا حکام کو ہدایت دی کہ طے شدہ نرخ 159روپے فی کلو کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔بلوچستان کے نمائندوں نے چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کی نشاندہی کی اور اجلاس کو بتایا کہ بلوچستان میں چینی کی موجودہ قیمت 168روپے فی کلو ہے۔رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ چینی کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ناقابل قبول ہے اور تمام صوبے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔
