ساہیوال( این این آئی) بانی تحریک انصاف پاکستان کی اپیل پر 23مارچ کو یوم پاکستان پر یوم آزادی کے حوالہ سے گھروں اور دفاتر پر پاکستان کے پرچم لہرانے اور ریلیاں نکالنے سے روکنے کے لیے پولیس نے تحریک انصاف کے راہنمائوں اور عہدیداروں شکیل احمد خاں نیازی، چوہدری آصف علی ، رضوان مظفر شاہ، محمد یارڈمرہ، رانا آفتاب احمد، ٹکٹ ہولڈر احمد صفدر خاں، شہباز خاں مردانہ اور مہر بہاول شیر سیال کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے ۔ تاہم گرفتاریاں نہ ہوسکیںجبکہ تحریک انصاف کے جھنڈے اور بینر پولیس لے گئی،پولیس کی سخت ناکہ بندی کی وجہ سے تحریک انصاف کے کارکن اور راہنما اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے میں بھی ناکام رہے۔بھنڈاری چوک میں ضلعی آفس کے اردگرد پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور پولیس گشت کرتی رہی ۔ اس لیے یوم آزادی کے حوالہ سے ساہیوال میں تحریک انصاف کوئی ریلی نہ نکال سکی اور قومی پرچم لہرانے کی تقریب بھی نہ کرسکی۔تحریک انصاف موبلائزیشن کمیٹی تحصیل ساہیوال کے کوآرڈینیٹر سیدرضوان مظفر شاہ نے کہا ہے کہ ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ ہم اپنے کپتان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں۔تاہم اولڈ ایج ہوم میں مقیم افراد کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمدعباس چوہان نے یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی اور پاکستان کی سلامتی اور استحقام کے لیے دعا مانگی گئی۔ جس میں محکمہ سماجی بہبود کے افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
