لاہور( این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو اب تواتر کے ساتھ لاہور آتے رہیں گے ، ہم نے پنجاب پر توجہ مرکوز کرنی ہے ،پنجاب پیپلز پارٹی کا ہے اس کو بحال کرنا ہے ، آصف زرداری نے پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاری کے لئے سختی سے ہدایات جاری کیں اور کہا ہے کہ ساری پارٹی اس کی تیاری کرے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹکٹ ہولڈرز ، عہدداران ،وسطی پنجاب اورجنوبی پنجاب کی تنظیموں سے کہاہے کہ وہ بھرپور طریقے سے اپنی ورکنگ شروع کردیں ،پیپلزپارٹی بلدیاتی الیکشن کیلئے بھرپور تیاری کرے گی اور اچھے نتائج دے گی ۔انہوںنے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے اتحاد میں بیٹھے ہوئے ہیں ،سب کو معلوم ہے ہم محبت میں نہیں بلکہ مجبوری میں بیٹھے ہوئے ہیں اور مجبوری ملک کی ہے سسٹم کو بہتر کرنے کی ہے تاکہ ملک مشکل صورتحال سے باہر نکلے،ملک کیلئے اتحاد کو سپورٹ کر رہے ہیں ۔اتحادی جماعت کو یہ تو سوچنا چاہیے کہ ان کی اتحادی پیپلز پارٹی تو سیدھی سادھی جماعت ہے جس کے ساتھ بیٹھتی ہے وہ دُکھ ،سُکھ میں ساتھ ہوتی ہے لیکن مختلف سیاسی جماعتیںسیاست کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں ،توقع کرتے ہیں چیزیں بہتر ہوجائیں تو اچھی بات ہے۔انہوںنے کہا کہ اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے گلے شکوے کئے ،صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بجٹ تک صبر کریں امید ہے کہ تب تک معاملات بہتر ہو جائیں گے ،خدانخواستہ نا ہوئے تو اس وقت بیٹھ کر فیصلہ کریں گے ۔
