امید اچھی رکھو لیکن تیاری برے حالات کے حساب سے کرو


مُحبت مُجھے اُن جوانوں سے ہے تاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند

ماہ رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے’حافظ نعیم الرحمن

لاہور ( این این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے، بڑی شاہراہوں پر دھرنوں، گورنرز اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے گھیراؤ کے بعد لانگ مارچ کی کال دیں گے، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے، کسان، مزدور، طلبا سمیت عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کے حصول اور خصوصی طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف پرامن مزاحمتی جدوجہد کا حصہ ہوں گے، حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا، ملک کا نظام بوسیدہ ہو چکا ہے۔فارم 47 پر نہیں فارم 45 پر حکومت قائم ہونی چاہیے۔ پیکا قانون کا پہلا شکار جماعت اسلامی مانسہرہ کے امیر کو بنایا گیا، آزادی اظہار رائے پر قدغن کے اس قانون کو ایک دفعہ پھر مسترد کرتے ہیں، امیر مانسہرہ کو رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تین روزہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر کراچی منعم ظفر، امیر خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان اور سیکرٹری جنرل کے پی شمالی حلیم باچا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کا ایجنڈا نہیں کہ وہ عوام کو درپیش مسائل، تعلیم، خواتین کے حقوق، تعلیمی اداروں میں منشیات کی پھیلی ہوئی لت اور اس طرح کے دیگر ایشوز پر بات کرے۔ ملک میں امن و امان کی بدترین صورتحال ہے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، عوام نقل وحرکت بھی نہیں کرسکتے، حکمران آپریشن کا واویلا کرتے ہیں، دہشت گردی کے اسباب پر غور نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ لاپتہ ہے، ادارے جب خود آئین کی پاسداری نہیں کریں گے، سیاست میں مداخلت ہو گی تو پھر عام لوگوں سے قانون کی تابعداری کی کیسے توقع کی جاسکتی ہے؟ بلوچستان میں مسافر بسوں پر حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، بلوچ عوام کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں اس وقت ڈاکوراج ہے، کراچی میں عوام کی زندگی کو عذاب بنا کر رکھ دیا گیا ہے، پیپلز پارٹی ٹینکروں اور ڈمپرز کا ٹائم نہیں سیٹ کروا سکی، سیکڑوں ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں، کئی لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ انہوں نے کہا پنجاب میں کسان کارڈ دراصل قرضہ کارڈ ہے، کسانوں کو گزشتہ برس گندم کا ریٹ نہیں ملا، رواں برس بھی امدادی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شوریٰ کے اجلاس میں تمام امور زیربحث آئے اور رمضان کے بعد عوامی حقوق کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں لڑائی ہوئی، دونوں ممالک کو جان لینا چاہیے کہ اس سے ان کا نقصان اور دشمنوں کا فائدہ ہوگا، افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، اسلام آباد اور کابل بامعنی مذاکرات کریں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹرمپ کا غزہ پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ٹرمپ رئیل سٹیٹ ایجنٹس کی طرح بیانات داغ رہے ہیں، انہیں اسرائیلیوں سے محبت ہے تو ان کو نیویارک میں بسا لیں، پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کو غزہ کے معاملے پر عملی اقدامات اٹھانے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنا چاہیے۔ کشمیر پر جنرل (ر) باجوہ کے دور میں سودے بازی کی رپورٹس پر حکومت وضاحت دے، اگر ایسا ہوا ہے تو سابق آرمی چیف کو کٹہرے میں لایا جائے، کشمیر پالیسی واضح کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت اور افغانستان سے لڑائی کی باتیں ملکی مفاد میں نہیں۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے شیخوپورہ میں بنو قابل پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے، لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے، حکمرانوں نے ملک میں مایوسی پھیلائی، نوجوان عہد کریں کہ مایوس ہونے کی بجائے ناامیدی پھیلانے والوں کو مایوس کریں گے۔ حکمرانوں نے چند آئی پی پیز مالکان کو دوہزار ارب اس بجلی کی مد میں دیے جو بنائی بھی نہیں گئی، ملک میں کالجز اور یونیورسٹیز میں فیس معاف کر دی جائے تو 570ارب بنتے ہیں، حکمران آئی پی پیز مافیا کو ہزاروں ارب دینے کے لیے تیار، نوجوانوں کو مفت تعلیم نہیں دے سکتے۔شیخوپورہ میں فری آئی ٹی ٹریننگ کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن سید وقاص جعفری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب وسطی بابررشید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجا ب وسطی رانا تحفہ دستگیر اور امیر شیخوپورہ زاہد عمران کوروٹانہ بھی تقریب میں شریک تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بنو قابل کے تحت دس لاکھ بچوں اور بچیوں کو مفت آئی ٹی ٹریننگ دے گی، پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیا، آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرکے تمام بڑے شہروں میں اس کے کیمپس بنائیں گے، تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کا اہتمام بھی کیا جائے گا، گھریلو خواتین کو بھی آئی ٹی کورسز کروائیں گے، انہوں نے نوجوانوں سے وعدہ لیا کہ وہ بنو قابل کے سفیر بنیں اور حکمرانوں کو باور کرائیں گے کہ تعلیم خیرات نہیں ہر بچے اور بچی کا حق ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو تعلیم سے محروم رکھا، تعلیمی نظام طبقاتی اور استحصالی ہے، غریب اور مڈل کلاس کی پہنچ میں نہیں رہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوا سکیں، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور ان میں سے سوا کروڑ بچے صرف پنجاب میں ہے۔ پنجاب میں بچوں کو سکول بھیجنے کی بجائے سکولوں کو ہی این جی اوز کے حوالے کیا جارہا ہے۔ پنجاب میں حکومت نمائشی اقدامات کررہی ہے، ساری حکومت اشتہاروں میں نظر آتی ہے، گراؤنڈ میں اس کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے تئیں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دے کر انہیں ہنر سے آراستہ کررہی ہے، نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان لوگوں کو مایوس کریں جو ناامیدی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اساتذہ کو بھی آئی ٹی ٹریننگ دے گی تاکہ وہ اس سلسلہ کو سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں جاری رکھ سکیں اور خود تربیت حاصل کرنے کے بعد لاکھوں بچوں بچیوں میں علم کی روشنی پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی ٹی پر توجہ دی جائے تو آنے والے چند برسوں میں ملک کی آئی ٹی ایکسپورٹ بیس ارب ڈالر ہوجائیں گی، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نصاب بھی تیار کررہی ہے، ملک میں ایک نظام، ایک نصاب اور ایک زبان ہونی چاہیے۔

v>
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب

صحت
سردی میں فالج اور دل کے دورے کا خطرہ کیوں بڑھ جاتا ہے...
عالمی ادارہ صحت نے ٹی بی کی تشخیص کیلئے نیا ٹیسٹ متعارف کرادیا...
پاکستان سمیت دنیا بھر میں 672ملین افراد موٹاپے کا شکار ہیں،ماہرین...
پاکستان میں سال میں ایک لاکھ چھاتی کے سرطان کے کیسز سامنے آئے ہیں...
پاکستان میں امراض قلب میں مبتلا نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ...
پاکستان میں سالانہ 75 ہزار سے زائد بچے دل کی بیماریوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں...
بلوچستان سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ، پولیو کے کیسز کی تعداد 15 ہو گئی...
اکتوبر میں ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری...

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2025 Mshijazi. All Rights Reserved