راولپنڈی (این این آئی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔بنگال ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 236رنز بنائے۔ بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو 77 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ لوئر آرڈر بیٹر ذاکر علی نے 45، رشد حسین نے 26 اور اوپنر تنزید حسن نے 24رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے 10 اوورز میں 26 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ول او رورکی نے 2 جبکہ میٹ ہینری اور کائیل جیمیسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا جہاں کین ولیم سن 5 اور پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے ول ینگ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ایسے میں راچن رویندرا نے پہلے ڈیون کانوے کیساتھ 57اور پھر ٹام لیتھم کے ساتھ 129رنز کی پارٹنرشپ بنا کر میچ کو بنگلادیش سے دور کردیا۔ڈیون کانوے 30 رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ لیتھم کے ساتھ ناصرف سنچری پارٹنرشپ بلکہ اپنی سنچری بھی مکمل کرنے کے بعد راچن رویندرا 112 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اختتامی لمحات میں لیتھم 55 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، تاہم نیوزی لینڈ پر اس وکٹ کے گرنے کا اثر نہیں پڑا، کیویز نے پانچ وکٹوں پر ہدف 47ویں اوور میں حاصل کرلیا۔بنگلادیش کی جانب سے تسکیم احمد، ناہید رانا، مستفیض الرحمان اور رشد حسین نے ایک ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ شکست کے بعد بنگلادیشی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئی ہے۔
