لاہور ( این این آئی) سہ ملکی کرکٹ سیریز، آئی سی سی چیمپینز ٹرافی اور نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے پیش نظر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔ جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 427 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔ سرچ آپریشنز کے دوران 17207 افراد سے پوچھ گچھ، 160 مشتبہ افراد اور 60 اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال ایک ماہ میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12 ہزار 128 سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ 04 لاکھ 49 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ اور 2778 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مشتبہ افراد کے قبضہ سے 342 پسٹلز، 46 بندوقیں اور 57 رائفلیں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز تیزی سے جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بس اڈوں، ہوٹلز اور سراؤں میں روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے سرچ و کومبنگ آپریشنز کیے جائیں جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
