لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فوری ایکشن لینے پر شہری پر تشدد کرنے والا پولیس افسر معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تشدد کرنے والے پولیس افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پولیس کی عزت ہوتی ہے تو کیا عام آدمی کی عزت نہیں ہوتی۔ مجھے اپنے ہر شہری کی عزت نفس کا احساس ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کسی کو عام آدمی پر ظلم وزیادتی کی اجازت نہیں دوں گی۔ تشدد کی فوٹیج دیکھ کر نہایت تکلیف ہوئی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں معمر شہری پر پولیس افسر کے تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی اورواضح کیاکہ پولیس کو تشدد کا کوئی حق نہیں۔پولیس کو شہریوں کے ساتھ عزت واحترام کا رویہ اپنانا چاہیے۔
