لاہور (این این آئی)ٹک ٹاکر، یوٹیوبر، اداکارہ و میزبان کنول آفتاب نے تمام انفلوئنسرز کو منافق قرار دے دیا۔کنول آفتاب نے اپنے شوہر، ٹک ٹاکر و یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر کی گرفتاری اور ٹک ٹاکر برادری کی جانب سے حمایت سامنے نہ آنے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔کنول آفتاب نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا ہے کہ ہم ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور انفلوئنسرز اسی لئے کامیاب نہیں کہ ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی بجائے ٹانگیں کھینچتے ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نہیں دیتے۔ٹک ٹاکر نے کہا کہ ایک صارف نے ذوالقرنین کے حق میں سٹوری لگا کر ان پر لگے تمام الزامات کی تردید کی ہے مگر ذوالقرنین کی حمایت میں کوئی دوست سامنے نہیں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت دوست ہیں مگر یہاں کوئی کسی کا سگا نہیں ہے، سو فیصد دوستوں میں سے صرف چند نے کال کر کے حالت دریافت کی ہے، باقی سب خاموش بیٹھے ہیں، کال کر کے مدد کیلئے پیشکش کر دینا بہت آسان ہوتا ہے اور اصلی معنوں میں مدد کوئی نہیں کرتا ہے۔کنول آفتاب نے کہا ہے کہ جب کوئی پھنس جاتا ہے تو سب ٹک ٹاکر چسکے لینے کیلئے کال کرتے ہیں، ایک دوسرے کا تماشا دیکھتے ہیں، مدد کوئی نہیں کرتا ہے، بس کال کر کے کہہ دیتے ہیں کہ مدد کی ضرورت ہو تو بتانا، کہاں ہے مدد، کہاں ہیں آپ لوگ، مدد کی ضرورت ہے تو کوئی دوست نہیں ہے۔اداکارہ نے کہا ہے مجھے اسی لئے سوشل میڈیا کی دنیا بہت جعلی لگتی ہے، دوسری ہر انڈسٹری کے لوگ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں مگر سوشل میڈیا کی دنیا بہت منافق اور جعلی ہے۔
