اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا ہے کہ 2022میں اقتدار میں آکر ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، حکومتی اقدامات سے معیشت میں استحکام آیا ہے۔منگل کوسابق وزیر خزانہ اور نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں پاکستان دنیا کی24ویں بڑی معیشت بنا، ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے۔انہوںنے کہاکہ 2013میں ملک کو طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا تھا،ماضی میں ہماری حکومت نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، پاکستان میں معدنیات کا بڑا خزانہ موجود ہے، ہماری حکومت میں تمام شعبوں نے ترقی کی۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ زراعت، معدنیات اور آئی ٹی کی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، حکومت اور نجی شعبوں کو مل کر ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بہتر ہوا، پاکستان میں کامیابی سے ایس سی او سمیت کئی بڑے ایونٹ ہوئے، لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر عالمی کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا،اڑان پاکستان منصوبہ ملکی ترقی کا روڈ میپ ہے، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہوئی ہے، ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کرنا ہوگا۔
