لاہور ( این این آئی) معروف گلوکارہ صنم ماروی نے کہا ہے کہ میرا زندگی میں بے شمار دکھوں اور غموں سے واسطہ رہا ہے لیکن اب خدا کے کرم سے اچھی زندگی بسر کر رہی ہوں اور مطمئن ہوں ، 16سال کی عمر میں میری شادی کر دی گئی ، پہلے شوہر ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہو گئے تھے۔
ایک انٹرویو کے دوران گلوکارہ نے بتایا کہ جب میں تین سال کی تھی تو میرے والد کا انتقال ہو گیا ، والدہ کی دوسری شادی جہاں ہوئی ان کا تعلق موسیقی کے گھرانے سے تھا اور میرے دوسرے والد نے مجھے بھی موسیقی کی تربیت دینا شروع کر دی تاکہ مستقبل میں جا کر اپنے پائوں پر کھڑی ہو جائوں ،
جب میری عمر 16سال کی ہوئی تو خاندان کے لوگوں نے باتیں بنانا شروع کر دیں کہ اب بیٹی کمائے گی جس پر 16سال کی عمر میں ہی میری شادی کر دی گئی۔ پہلے شوہر کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں قتل کر دیا گیا جن سے میری ایک بیٹی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں بے شمار دکھ دیکھنے کے بعد اب میں ایک اچھی زندگی بسر کر رہی ہوں جس پر اپنے رب کی شکر گزار ہوں۔