غزہ (این این آئی )15 ماہ کی نقل مکانی اور مصائب کے بعد مرکز اور جنوب میں ایک ملین سے زیادہ بے گھر افراد شمالی غزہ کی پٹی میں اپنے محلوں میں واپس جانے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ فضا سے ہوائی جہاز کے ذریعے فلمائے گئے مناظر میں انسانوں کا ایک سمندر اور بہت بڑا ہجوم دکھایا گیا ہے جو اپنے گھروں کو واپسی کا منتظر ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واپسی اگلے ہفتے کے اوائل میں سیز فائر معاہدے کے تحت شروع ہوگی ۔ معاہدے میں بے گھر ہونے والے کی شمال میں واپسی کے دو طریقے طے کیے گئے ہیں ۔ پیدل چلنے والوں کے لئے الرشید سٹریٹ اور گاڑیوں کے لئے صلاح الدین سٹریٹ کا راستہ طے کیا گیا ہے۔ اس واپسی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کے زیر نگرانی خصوصی طریقہ کار موجود ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر کے اس اعلان کے باوجود کہ جب تک اسرائیل کی یرغمالی شہری خاتون اربیل یہود کی رہائی کا اہتمام نہیں کیا جاتا ہے تب تک غزہ کے باشندوں کو پٹی کے شمالی حصے میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع الزھرا شہر اور نصیرات کیمپ کے قریب کراسنگز اور ساحلی سڑک کے دونوں اطراف میں نٹزاریم جنکشن کی طرف جانے والے دونوں اطراف کا انتظار کر رہے تھے۔
