اسلام آباد(این این آئی)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، امن سے ہی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے ،کسی بھی قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان ہمیشہ سے مسلم ممالک کے مابین بھائی چارے کے فروغ کا خواہاں رہا ہے ،غزہ میں ہونے والی تباہی پر ہر آنکھ اشک بار ہے ۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری جمعراکت کو یہاں 38ویں ائیر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔صدر مملکت کو پاک فضائیہ کے ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام کورس کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 38ویں ایئر وار کورس میں 15دوست ممالک سے 34فوجی افسران شرکت کر رہے ہیں۔صدر مملکت نے 38ویں ایئر وار کورس کے شرکا کے ساتھ ملاقات کی اور اظہار خیال کیا ۔
