لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں اینٹومولوجسٹس اور انوائرمنٹ انسپکٹرز کی ایک روزہ ریفریشر ٹریننگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اینٹومولوجسٹس اور انوائرمنٹ انسپکٹرز کے درمیان تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا ریفریشر ٹریننگ کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ رواں سال انشاء اللہ ڈینگی سیزن میں مزید بہتر انداز میں رسپونڈ کریں گے۔گذشتہ ڈینگی سیزن میں رہ جانے والی کمی کوتاہی کو دور کرنے کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو محنت کرنی ہو گی۔ کسی بھی ڈیزیز آئوٹ بریک پر قابو پانے کیلئے اینٹومولوجسٹس اور انوائرمنٹ انسپکٹرز کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 2011 میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے میاں شہباز شریف کی زیر صدارت مسلسل 66 دن اجلاس میں شرکت کی تھی۔ 2011 میں ڈینگی پر قابو پانے میں سر لنکن طبی ماہرین نے بھی بھرپور تعاون کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنا تمام تر فوکس صحت کے شعبہ کی بہتری پر کئے ہوئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ریفریشر ٹریننگ کے اہتمام پر منتظمین کو مبارکباددی۔چیئرمین ٹاسک فورس عدنان افضل چٹھہ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس وقت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ضیاء اللہ شاہ نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے طبقے کو سب سے پہلے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ میاں شہباز شریف کی قیادت میں خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے بے پناہ کامیاب کوششیں کیں۔ ہمیں اپنے ہی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم نہیں چلانی چاہئے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ایمرجنسی سروسز پنجاب ضیاء اللہ شاہ، چیئرمین ٹاسک فورس برائے وزیر اعلیٰ پنجاب عدنان افضل چھٹہ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ، عالمی ادارہ صحت سے زبیر شجاع الرحمن، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر شعبان، ڈاکٹر آصف، شفاعت یار اور اینٹومولوجسٹس اور انوائرمنٹ انسپکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
