واشنگٹن (این این آئی )امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ۔عرب ٹی وی کے مطابق شہزادی ریمابنت بندر نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک پارٹنر شپ کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے کہا کہ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تقریبا 80 برس قبل فروری 1945 میں امریکی صدر روزویلٹ سے ملاقات کی تھی ، اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان مضوط تعلقات کی بنیاد رکھی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں خاص طور پر مشرق وسطی کو درپیش موجودہ چیلنجوں کے تناظر میں تعاون جاری رکھنے کی منتظر ہے۔انہوں نے سعودی امریکی تعلقات کی گہرائی پر زور دیا جو کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور اس میں مختلف سیاسی اقتصادی اور ترقیاتی شعبے شامل ہیں۔شہزادی ریما نے ایکس اکائونٹ میں لکھا کہ دونوں ممالک دوستی کی 80 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ،سعودی قیادت کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دلی مبارکباد پیش کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ہم اپنے عوام، اپنے خطے اور دنیا دونوں کے فائدے کیلیے مل کر کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔یاد رہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو 47 ویں صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔
