پاکپتن(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف دورحکومت میں پنجاب کے ضلع پاکپتن کے سکولوں میں داخلوں کا ریکارڈ مشکوک ہونے کا انکشاف ہوا جس پر پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق محکمہ آڈٹ کی 2021کی رپورٹ میں ضلع پاکپتن میں سرکاری سکولوں میں بوگس داخلوں کا انکشاف سامنے آگیا، تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ضلع پاکپتن میں سرکاری سکولوں میں 58فیصد داخلہ کا ریکارڈ نہ مل سکا۔رپورٹ کے مطابق ضلع پاکپتن میں آڈٹ ڈیپارٹنمنٹ کے سرکاری سکولوں کے داخلہ کا ریکارڈ کیلئے کئی مراسلے لکھے گئے، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے بار بار ریکارڈ طلب کرنے کے باوجود ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو ضلع پاکپتن میں صرف 42فیصد داخلوں کا نادرا سے ریکارڈ مل سکا، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے 58فیصد طالب علموں کے داخلوں کا ریکارڈ نہ ملنے پر معاملہ مشکوک قرار دے دیا۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے ضلع پاکپتن میں سرکاری سکولوں میں طالب علموں کی مشکوک داخلہ کی رپورٹ پنجاب اسمبلی کو بھجوادی۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے ضلع پاکپتن میں سرکاری سکولوں کی تمام داخلوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کی سفارش کردی جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جعلی داخلوں کے معاملہ تحقیقات شروع کردیں۔
