کراچی(این این آئی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنرہائو س میں تاریخ ساز پہلی گورنرز سمٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ گورنرز سمٹ میں پنجاب کے گورنرسردار سلیم حیدر خان ، خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی ، بلوچستان کے گورنرشیخ جعفر خان مندوخیل اورگلگت بلتستان کے گورنرسید مہدی شاہ بھی شریک تھے۔ گورنرز سمٹ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنراختیارات پر طویل مشاورت ہوئی۔ گورنرسندھ نے گورنرز سمٹ میں شریک گورنرز کو گورنرہائوس آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تما م گورنرز نے شرکت کرکے مجھے اعزاز بخشا۔ بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندو خیل نے کہا کہ گورنرصوبہ کا آئینی سربراہ ہے ان کے کردار کو بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کے گورنرسید مہدی شاہ نے کہاکہ گورنرز سمٹ پر گورنرسندھ کا شکریہ۔ انشاء اللہ مل کر کام کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبوں کے درمیان باہمی رابطہ کا فروغ انتہائی نا گزیر ہے۔پہلی گورنرز سمٹ کے بعد گورنرسندھ نے دیگر گورنرز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج گورنرہائوس میں تاریخ ساز پہلی گورنرز سمٹ کا انعقا د کیا گیا۔ گورنرسمٹ میں گورنر ز کے کردار و اختیارات پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سیاست پیچھے چلی گئی اور ریاست آگے آگئی ہے کیونکہ مختلف پارٹیز سے تعلق رکھنے والے گورنرز آج ایک جگہ جمع ہیں۔ ہم سب ریاست اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کا مقصد صوبوں کے درمیان مزید ہم آہنگی کا قیام ہے۔ انہوں نے کہاکہ گورنرز آئینی سربراہ اور آئین عوام کی خدمت کے لئے ہوتا ہے۔ ہمیں اپنا کردار اور اختیارات استعمال کر کے عوام کی خدمت کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام گورنرز اپنے اپنے لیول پر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔گورنر ز حکومت اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں اپنا مزید کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام گورنرز کی کوشش ہوگی کہ اگلی مشترکہ ملاقات وزیراعظم پھر صدر مملکت سے کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہاکہ گورنرز سمٹ کی کامیابی کے بعد انٹر نیشنل گورنرز سمٹ کا انعقاد بھی جلد ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے اس میں گورنرز اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پنجاب کے گورنرسردار سلیم حید ر خان نے کہا کہ گورنرز سمٹ کرا کر گورنر سندھ ہم سب پر بازی لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری گورنرز سمٹ لاہور میں ہوگی۔سمٹ میں سابق اور موجودہ گورنرز شرکت کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملکی معیشت اور ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کے گورنرشیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ اس سمٹ کے زریعہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ گورنرز صوبوں اور وفاق کے درمیان اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے گورنرسید مہدی شا ہ نے کہا کہ گورنر سندھ آگے بڑھیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
