اسلام آباد (این این آئی)پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور دہرے قتل میں ملوث اشتہاری کو گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے دہرے قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری رفیع اللہ خان کو سعودی عرب سے گرفتار کیا ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ اشتہاری مجرم 2شہریوں کو قتل کرکے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا، اشتہاری مجرم رفیع اللہ خان دہرے قتل کے مقدمہ میں 2سال سے تھانہ کالا باغ میانوالی پولیس کو مطلوب تھا۔ترجمان پنجاب نے بتایا کہ پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری کے ریڈ نوٹس جاری کروائے، سعودی عرب پولیس کیساتھ کلوز کوارڈنیشن سے اشتہاری کو گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا۔بیان کے مطابق گزشتہ برس سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ملک مفرور 104اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کامیاب کاروائی پر آر پی او سرگودھا و پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مفرور مزید خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔