کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پیر کو پاکستان کے پہلے مقامی طور پر بنائے گئے وینٹی لیٹر کا افتتاح کیاجو کہ ملک کی تکنیکی خودمختاری کی طرف سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وینٹی لیٹر ایک پرائیویٹ کمپنی نے تیار کیا ہے جسے وفاقی وزیر نے ملک کی جدت اور صلاحیت کی علامت قرار دیتے ہوئے اسے اڑان پاکستان کا حصہ قرار دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کمپنی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے اڑان پاکستان کا پہلا چیمپئن قرار دیا اوراس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ایسے مزید چیمپئنز کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان کی عالمی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ قوم مستقبل کی طرف دیکھے اور اپنی صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کرے۔تکنیکی ترقی اور اختراع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے احسن اقبال نے وضاحت کی کہ دنیا اب چوتھے صنعتی انقلاب میں داخل ہو رہی ہے اور یہاں تک کہ پانچویں صنعتی انقلاب کے بارے میں بھی گفتگو جاری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اس ٹیکنالوجی کے دور میں اپنے آپ کو ایک اہم ملک کے طور پر کھڑا کرنا چاہیے، جہاں کامیابی کا انحصار معاشی ترقی اور جدت آمیزی پر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ 20 بلین ڈالر تک کی برآمدات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جب کہ صنعتی شعبہ 200سے 400بلین ڈالر تک کا حصہ ڈال سکتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے نجی شعبہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے کم لاگت والے انسانی وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اعلیٰ معیار کی اشیا تیار کریں جو عالمی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کامیابی اس کی نئی مصنوعات کی اختراع اور پیداوار کی صلاحیت سے منسلک ہے جس سے ملک کو درآمدات پر انحصار سے نکل کر مزید برآمدات پر مبنی معیشت کی طرف منتقلی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جدت آمیزی اور ٹیکنالوجی کو اپنائیں ۔