لاہور(این این آئی)سینئرصوبائی وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہبازشریف اپنے بھائی کیساتھ ہرطوفان میں ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں، تاریخ گواہ ہے شہباز شریف نے 3بار وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکرائی ہے۔پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محمود اچکزئی کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محمود اچکزئی صاحب جیسے سینئر اور قابل احترام سیاستدان سے ایسی خلاف حقیقت گفتگو کی توقع نہیں تھی ،خود محمود اچکزئی گواہ ہیں کہ شہباز شریف نے ہر بار نواز شریف سے بے وفائی کرنے سے انکار کیا ۔انہوںنے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ شہباز شریف نے تین بار وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکرائی لیکن بڑے بھائی سے بے وفائی نہیں کی۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہباز شریف نہ صرف اپنے بھائی کیساتھ ہر طوفان میں ڈٹ کر کھڑے رہے بلکہ ہمیشہ ان کے ساتھ جیل بھی گئے، بدترین صعوبتیں برداشت کیں ۔انہوںنے کہاکہ شریف خاندان کی رشتوں کے احترام اور وفا کی اقدار کو نبھانے کی روایت دنیا کے لئے مثال ہے ۔سینئرصوبائی وزیرنے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے مخلص برادرانہ رشتے میں دراڑ کی قیاس آرائیاں چالیس سال سے جاری ہیں جو ہمیشہ جھوٹ اور پراپگنڈا ثابت ہوئیں۔انہوںنے کہاکہ سیاسی منظر نامے میں شہباز شریف وہ واحد مثال ہیں جنہوں نے وزیراعظم کی کرسی پر بھائی کی وفاداری کو ترجیح دی اور اخلاص کے امتحان میں ہمیشہ کھرے اترے۔
