اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے پیر کو یہاں ایکنک کے اجلاس کی صدارت کی۔نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، صوبائی وزراء اور وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔کمیٹی نے تقریباً 217ارب روپے کی لاگت کے سات ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا اور ان کی منظوری دی۔ کمیٹی نے سندھ ایمرجنسی فلڈ بحالی پراجیکٹ کے آبپاشی جزو کے دائرہ کار میں اضافے کی منظوری دی۔اجلاس نے سندھ اور خیر پختونخوا کے صوبوں میں آنے والے کاریک کوریڈور روڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ پر نظرثانی کی بھی منظوری دی۔کمیٹی نے 25.4ارب روپے کی لاگت سے کراچی واٹر سپلائی اینڈ سیوریج امپروومنٹ پراجیکٹ کے نظرثانی شدہ منصوبہ اور پنجاب کے سکولوں میں حاضری اور سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانے کے مقصد سے ورلڈ بینک کے فنڈڈ پراجیکٹ گریڈز کی بھی منظوری دی۔
