اسلام آباد(این این آئی)جے یوآئی(ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے مدارس بل کی منظوری پر اتحاد تنظیمات مدارس اور وفاق المدارس العربیہ کے تمام زمہ داران کومبارکباد دی ہے۔جاری بیان میں جے یوآئی (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاکہ میں پاکستان کے تمام دینی طبقے، بالخصوص اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ اور وفاق المدارس العربیہ کے تمام زمہ داران اور ان سے منسلک تمام مدارس کے زمہ داران کو مدارس دینیہ کا دیرینہ مطالبہ منظور ہونے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ اس میں جس طرح مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے ہماری ہر قدم پر رہنمائی کی ہم دل کی گہرائیوں سے انکے شکرگزار ہیں، یقینی طور پر اس پورے پراسس میں قانونی رہنمائی کے حوالے سے کامران مرتضیٰ کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے۔مولانافضل الرحمن نے کہاکہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ،جمعیت علما اسلام کے کارکنان اور مسلمانان پاکستان نے صرف مدارس کا مقدمہ ہی نہیں جیتا بلکہ انہوں نے اسی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے پاس شدہ اسی بل کو قانون کا درجہ دلوا کر پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی سپریمیسی کی جنگ بھی جیتی ہے جس پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔
