اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی نیت ٹھیک ہے نہ اپوزیشن کی،جیل جانا وزیر اعظم کے عہدے کا حصہ ہے اور وہاں اچھی تربیت ہوتی ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بند کمروں میں نہیں ہوتے لیکن یہاں مذاکرات ہونے جا رہے ہیں اور اس کا بھی کسی کو علم نہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی نیت ٹھیک ہے اور نہ ہی اپوزیشن کی، جیل جانا وزیر اعظم کے عہدے کا حصہ ہے اور جیل میں اچھی تربیت ہوتی ہے، ہم نے بھی جیل میں کافی عرصہ گزارا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سیاست میں راستہ افہام و تفہیم کے ذریعے ہی نکلتا ہے اور پی ٹی آئی اپنے بانی کی رہائی کی بات کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرے خلاف نیب میں 9سال جھوٹا کیس چلتا رہا، پاکستان کو اضافی صوبوں کی ضرورت ہے لیکن الگ صوبوں کے قیام پر کبھی عملدرآمد نہیں ہوا۔