پارل (این این آئی)پاکستان نے پہلے ون ڈے میں آغا سلمان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور صائم ایوب کی سینچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔جنوبی افریقہ کے شہر پارل میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی، انہوں نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، آغا سلمان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 82 رنز بنائے اور 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔جس پر انہیں مین آف دیم میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دوسرے ہی اوور کی چوتھی گیند پر عبد اللہ شفیق مارکو جانسن کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے۔اس کے بعد کریز پر آنے والے بابر اعظم پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے دکھائی دیئے، انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 23 رنز بنائے، وہ اوٹنیل بارٹمین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 14 اوورز میں 46 رنز کے اسکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محمد رضوان سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ اننگز کو سنبھالیں گے تاہم وہ بھی پچ پر صرف 5 گیندوں کے مہمان ٹھہرے اور 1 رن بنا کر چلتے بنے۔مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام کے 4 رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد صائم ایوب اور نائب کپتان سلمان علی آغا ٹیم کو مشکلات سے نکال کر مستحکم پوزیشن میں لے آئے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔قبل ازیں، پروٹیز کے قائم مقام کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا، پروٹیز کی جانب سے ٹیمبا باووما نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز اسکور کیے، اوپننگ بیٹرز کی جانب سے مثبت آغاز فراہم کرنے کے بعد پروٹیز کا مڈل آرڈر ناکام رہا، مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 70 رنز کے اسکور پر گری، ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بنا سلمان علی آغا کا شکار بنے۔اس کے بعد ریان رکلٹن 36، راسی وینڈر ڈوسن 8 اور ٹرسٹن اسٹبز ایک رن بنا کر پویلین لوٹے، تمام کھلاڑی آغا سلمان کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئے، انہوں نے 4 شکار کیے، 88 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر ہنرک کلاسن اور کپتان ایڈن مارکرم کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اسکور کو 161 رنز تک پہنچایا۔ایڈن مارکرم 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ہنرک کلاسن نے اپنی اننگز کو جاری رکھا اور ٹیم کے ہدف کو مثبت ٹوٹل فراہم کرنے میں کردار ادا کیا، انہوں نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 97 گیندوں پر 86 رنز اسکور کیے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔قومی ٹیم کی جانب سے آغا سلمان نے 4، ابرار احمد نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور سائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔