پارل( این این آئی)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج ( منگل ) پارل کے بولینڈ پارک میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 19دسمبر کو نیولینڈز کیپ ٹائون اور تیسرا میچ 22دسمبر کو وانڈررز جوہانسبرگ میں ہوگا۔ تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہونگے۔جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز دو صفر سے جیتی ہے۔ ون ڈے سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ وہ فروری اور مارچ 2025 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی تیاریوں کو بہتر بنانا چاہتی ہیں۔ پاکستان کے اسکواڈ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ، اوپنر عبداللہ شفیق اور ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام کی واپسی ہوئی ہے جبکہ لیفٹ آرم لیگ اسپنر سفیان مقیم اور عثمان خان پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ محمد رضوان کی بحیثیت کپتان یہ تیسری ون ڈے سیریز ہوگی اس سے قبل انہوں نے آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی ہیں ۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے اپریل 2021ء میں جنوبی افریقہ میں تین میچوں کی سیریز 2-1سے جیتی تھی۔کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہماری تیاریوں کے لحاظ سے یہ ایک اہم ون ڈے سیریز ہے اور مجھے یقین ہے کہ کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز میں جیت کے بعد اپنی کارکردگی کو دوہرائیں گے۔ہم ٹی ٹونٹی سیریز میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے لیکن میں ان کنڈیشنز میں ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں خاص طور پر صائم کی بیٹنگ دونوں میچوں میں شاندار تھی۔ ہماری بیٹنگ اور بولنگ ، ایک مکمل طاقت والی جنوبی افریقی ٹیم کو چیلنج کرنے اور اللہ تعالی کی مدد سے سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔مجھے اپنے ون ڈے اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ بہت زیادہ صلاحیت نظر آتی ہے جو قدم آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں جس سے نہ صرف اس سیریز میں بلکہ آنے والی ہوم سہ فریقی اور میگا ایونٹ کے لیے بھی ہمارے لیے اچھا موقع ہے۔پاکستانی ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر )، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رف، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم طیب طاہر اور عثمان خان(وکٹ کیپر) شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ون ڈے اسکواڈ میں ٹیمبا باووما (کپتان)ایڈن مارکرم اینڈیل فیلووایو، ڈیوڈ ملر، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)کیگیسو ربادا، کیشوو مہاراج، کے وینا مافاکا، مارکو جینسن، اوٹنیل بارٹمین، راسی وان ڈر ڈوسن، رائن رکلٹن ، تبریزشمسی، ٹونی ڈی زورزی اور ٹرسٹن اسٹبس شامل ہیں ۔ میچوں کا شیڈول(پاکستانی وقت کے مطابق ) آج (منگل )17دسمبر کو پہلا ون ڈے بولینڈ بینک پارک، پارل میں شام 5بجے ،19دسمبر کو دوسرا ون ڈے نیو لینڈز کرکٹ گرانڈ، کیپ ٹائون میں شام 5بجے اور 22دسمبر کو تیسرا ون ڈے دی وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں شام 5بجے کھیلا جائے گا ۔اس کے علاوہ 26دسمبر کو پہلا ٹیسٹ سپر اسپورٹ پارک، سنچورین میں دوپہر ایک بجے اور3 جنوری کو دوسرا ٹیسٹ نیو لینڈز کرکٹ گرائونڈ، کیپ ٹائون میں دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا ۔