قاہرہ(این این آئی)مصر اور اردن کے وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل اپنی فوج کو شام کے سرحدی علاقے سے جڑے غیر فوجی علاقے سے نکالے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ مطالبہ دونوں عرب ملکوں نے کیا ہے۔شام میں بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے ساتھ ہی اسرائیل نے یکطرفہ طور پر 1974 سے چلے آرہے بفر زون کے معاہدے کو ختم کر دیا اور اپنی فوج کو فوری طور پر بفر زون پر قبضہ کر کے بیٹھ جانے کا حکم دے دیا۔مزید یہ کہ پچھلے اتوار کی رات سے ہی اسرائیلی فوج نے شام پر بمباری بھی شروع کر دی۔ بفر زون پر اسرائیلی فوج بغیر کسی بھی قسم کی مزاحمت کے فاتحانہ انداز میں مسلسل موجود ہے۔ حتی کہ اپوزیشن کے جن جنگجوئوں نے غیر معمولی قوت اور سرعت کے ساتھ دمشق تک کو فتح کیا اور بشار الاسد کا تختہ الٹا دیا تھا انہوں نے بھی اسرائیلی فوج کی مزاحمت نہیں کی ہے۔اب ہفتے کے روز مصر اور اردن نے اس کا نوٹس لیا ہے اور دونوں کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل شام سرحد کے ساتھ قائم بفر زون سے فوج کو واپس نکالے۔