لاہور ( این این آئی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا ہے۔ اے ایس آئی شہزاد احمد شہید کے اہل خانہ کو شہید کوٹے کے تحت ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق ڈسکہ روڈ سیالکوٹ پر تمام سہولیات سے آراستہ گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی شہزاد احمد نے گذشتہ سال 16 اگست کو جام شہادت نوش کیا تھا، شہزاد احمد شہید کے لواحقین میں اہلیہ، 02 بیٹے اور 03 بیٹیاں شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش سے حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہزاد احمد شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس آئی شہزاد احمد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس 1650 سے زائد بہادر شہداء کی امین فورس ہے جن کے اہلخانہ کی ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔