اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہمیں نہیں پتہ کس سے بات کی جائے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں واضح کہا تھا کہ پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگے۔ شیری رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کب اور کس سے سیاسی مذاکرات نہیں کیے؟ پہلا کام سیاسی استحکام ہے لیکن جب بھی ہم نے پیشکش کی حقارت سے ٹھکرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایوان نے فلسطین پر اے پی سی میں پی ٹی آئی کو بلایا لیکن یہ نہیں آئے، اِس وقت پی ٹی آئی کا رویہ تکبر اور رعونت سے بدلا ہوا ہے تو موسٹ ویلکم۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ہمیں تحریک چلانے کے لیے ڈنڈے اٹھانے کے نہیں پْرامن رہنے کی ہدایت کی جاتی تھی، پیپلز پارٹی نے جب بھی وعدے کیے پورے کیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مدارس رجسٹریشن کا معاملہ پارلیمان میں حل ہو سکتا ہے۔