اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے تاہم ہم سب کے ساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی کے نام بھی بتا دیئے ہیں، ہم کمیٹی کے ارکان اب مذاکرات کے لئے دستیاب ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سپیکر سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، سپیکر سے میں اور عامر ڈوگر نے گزشتہ روز ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی تھی، گزشتہ رات اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ بھی سپیکر سے تعزیت کرنے گئے تھے۔ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ اگر سپیکر قومی اسمبلی مذاکرات کرانے میں مثبت کردار ادا کریں تو اچھی بات ہے، ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں، بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی کمیٹی کو اختیار دیا تھا، اب بھی بااختیار کمیٹی بنائی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ ان لوگوں کو احساس ہو رہا ہے کہ تحریک انصاف کو زور زبردستی سے کچلا نہیں جاسکتا، جب تک سیاسی مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ جو بھی ہم سے بات کرنا چاہے بس وہ بااختیار ہو، ہمارے مطالبات سامنے ہیں کہ اسیران کی رہائی اور 9 مئی یا 24 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل دیا جائے۔