اسلام آباد(این این آئی)ریٹائرمنٹ کی عمر 55سال کرنے کی تجویز وزیراعظم کو پیش کردی گئی ،اطلاق صرف سویلین پر ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ کابینہ اجلاس میں55سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کی تجویز پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تاہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، ابھی ابتدائی تجویز ہی سامنے آئی ہے، 55سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہوا تو اس کا اطلاق صرف سول ملازمین پر ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کو 55سال میں ریٹائرمنٹ کی حد مقرر کرنے پر مثبت رسپانس نہیں ملا۔وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے حاضر سروس ملازمین کو کنٹری بیوشن پنشن سکیم میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ حاضر سروس ملازمین کو نئے بھرتی ہونے والوں کی طرز پر کنٹری بیوشن پنشن سکیم کا حصہ بنایا جائے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزارت خزانہ میں حاضر سروس ملازمین کو کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم میں شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ایک دہائی سے زائد فریز فیڈرل سیکرٹریٹ الانس کو بحال کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔