راولپنڈی (این این آئی) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے 9مئی اور 26نومبر دونوں واقعات کی سپریم کورٹ سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں جن کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ لاعلم میں کہ ڈی چوک میں کتنی شہادتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے؟ انھیں نہیں پتا کتنے لوگ لاپتا ہیں، ابھی تک 200سے زائد کارکنان لاپتا ہیں، لاپتہ کارکنان کے حوالے سے شک ہے کہ وہ بھی شہید ہوچکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی لاپتا کارکنان کے حوالے سے فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15دسمبر کو یوم شہدا کا دن مقرر کیا گیا ہے، پشاور سمیت دنیا بھر میں کارکنان اس دن دعا کریں گے۔علیمہ خان نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہاہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں چل سکتا، ہم اس نظام کو قبول نہیں کریں گے، 9مئی کے بعد اب 26نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کرلیا ہے، سپریم کورٹ کے 3سینئر ججز پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے دونوں سانحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں ہمارے گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے اور غیر قانونی مقدمات ختم کیے جائیں۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کر دیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہوگا۔