واشنگٹن(این این آئی) ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی طریقہ کار تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات کے انعقاد کے طریقے کو تبدیل کرنے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔78 سالہ ٹرمپ کو فاکس نیشن کے زیر اہتمام لانگ آئی لینڈ کی تقریب میں پیٹریاٹ آف دی ایئر ایوارڈ دیا گیا، اس تقریب میں امریکی گلوکار لی گرین ووڈ کے گانے گاڈ بلیس دی یو ایس اے کی لائیو پرفارمنس دی، ٹرمپ کو دیا گیا ایوارڈ امریکی پرچم کی شکل میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں انھوں نے خطاب میں کہا ہمیں اس ملک میں چیزوں کو سیدھا کرنے کی ضرورت ہے، بشمول انتخابات۔ٹرمپ نے کہا انتخابات کے طریقہ کار کو بدلنے کی طویل عرصے سے ضرورت تھی، ہم کاغذی بیلٹ اور صرف ایک دن کی ووٹنگ چاہتے ہیں، اور پولنگ اسٹیشن پر ووٹر آئی ڈی اور شہریت کا ثبوت لازمی دینا ہوگا۔ٹرمپ نے کیلیفورنیا میں ووٹر آئی ڈی پوچھنے کی ممانعت کے حالیہ منظور کیے گئے قانون کی مذمت کی، اور کہا کیلیفورنیا میں انھوں نے ابھی ایک قانون پاس کیا ہے کہ آپ کو ووٹر سے ووٹر آئی ڈی مانگنے کی بھی اجازت نہیں ہے، ذرا سوچیں کہ اگر آپ کسی ووٹر سے اس کی ووٹر آئی ڈی مانگتے ہیں تو آپ جرم کا ارتکاب کرتے ہیں، آپ کو سزا ملے گی، غرض ہمیں پورا ملک سیدھا کرنا ہوگا۔