ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کیلئے سپر ہٹ گانے اپنی آواز میں ریکارڈ کروانے والے معروف گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے اداکار کے ساتھ جھگڑے کی اصل وجہ بتادی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گلوکار نے انٹرویو میں بتایا کہ جب عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو انسان یہ کہنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ بس اب بہت ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ میں شاہ رخ خان کیلئے گانا نہیں گاتا تھا بلکہ میں اپنا کام کرتا تھا۔انہوںنے کہا کہ جب یہ دیکھا کہ میرے علاوہ ہر کسی کو اس کے کام کا کریڈٹ دیا جارہا ہے یہاں تک کہ فلم کے سیٹ پر چائے دینے والے کے کام کو بھی سراہا جا رہا ہے تو پھر میں نے یہ سوچا کہ جب میری قدر نہیں ہے تو میں شاہ رخ خان کی آواز کیوں بنوں؟۔انہوں نے کہا ایسا نہیں کہ میرا شاہ رخ خان سے رشتہ ٹوٹ گیا ہے لیکن وہ اب اتنے بڑے اسٹار ہیں کہ اب وہ صرف ایک انسان نہیں رہے ،انہیں شائد خود بھی یہ معلوم نہیں کہ وہ کس مقام پر پہنچ گئے ہیں ایسے میں ان سے کوئی امید کیوں رکھوں؟۔ گلوکار نے کہا کہ میں آج بھی وہی شخص ہوں جو پہلے تھا اور زندگی میں اپنے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں عمر میں شاہ رخ خان سے 5 یا 6 سال بڑا ہوں، کسی کو معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ہم دونوں میں انا ہے، ہماری سالگرہ میں بھی صرف 1 دن کا فرق ہے، ہم دونوں کا برج عقرب ہے، مجھے شاہ رخ خان کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔