بیجنگ(این این آئی)چین نے سیمی کنڈکٹر کی برآمدات پر اپنے تازہ ترین کنٹرول اقدامات اور چینی کمپنیوں پر پابندیوں کے بارے میں امریکا سے احتجاج کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین نے ملک کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کو دبانے پر امریکا کے ساتھ احتجاج کیا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین ہمیشہ امریکا کی قومی سلامتی کے تصور کو بڑھانے، برآمدی کنٹرول کا غلط استعمال کرنے اور چینی کمپنیوں پر پابندیوں کے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات مسلط کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے طرز عمل بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کو کمزور کرتے ہیں، عالمی پیداوار اور سپلائی چین کے استحکام میں خلل ڈالتے اور تمام ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔چینی ترجمان نے کہا کہ چین نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ منڈی کی معیشت کے قوانین اور منصفانہ مسابقت کے اصول کا احترام کرے اور چین اپنی سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔