ماسکو(این این آئی)روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت ناقابل قبول ہے اور ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں ہنگری کے وزیر خارجہ اور وزیر تجارت پیٹر سجارتو سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران روس اور ہنگری کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں سرگئی لاوروف نے کہا کہ ہنگری کی انتظامیہ اپنے مفادات کے مطابق ایک آزاد انہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔سر گئی لاوروف نے کہا کہ یوکرین جنگ کی بنیادی وجوہات کو ختم کیا جانا چاہیے جن میں ایک وجہ نیٹو کی مشرق کی طرف توسیع کرتے ہوئے یوکرین کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش ہے۔ یہ روسی سرحدوں پر ایک فوجی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ ختم نہ ہونا امن کا راستہ نہیں ہے۔روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے امکانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے جائز مفادات پر جامع غور و خوض کے مطابق یوکرین کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔