اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف ”ون واٹر سمٹ” میں شرکت کے لئے 3 اور 4 دسمبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقدہ سمٹ کا مقصد عالمی تعاون کو فروغ دینا اور اعلیٰ سطحی سیاسی وعدوں کے ذریعے آبی وسائل کے انتظام کے لئے مربوط بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم سربراہی اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے جس میں تازہ پانی کے وسائل اور آبی زمینوں کے تناظر میں بحالی، تحفظ اور موافقت پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان کی طرف سے پانی کے تحفظ کو فروغ دینے، آب و ہوا میں تبدیلی کے اثرات کو برداشت کرنے ، پانی کے معیار کو بہتر بنانے، ذرائع معاش بڑھانے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ وزیراعظم موسمیاتی تبدیلیوں سے سیلابوں، غیر معمولی اور انتہائی موسمی حالات اور آبی وسائل اور ماحولیاتی نظام پر گرمی کے دباؤ کے اثرات سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کے ساتھ ساتھ آبی وسائل کے پائیدار انتظام کے لئے بامعنی بین الاقوامی تعاون پر بھی زور دیں گے۔سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی دوطرفہ ملاقاتیں اور مصروفیات متوقع ہیں۔