راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا چیمپئینز ٹرافی سے متعلق دیا گیا انٹرویو وائرل ہوگیا۔مقامی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان چیمپئینز ٹرافی کو لیکر بیک چینل مذاکرات ہوں گے، ہمیں امید نہیں ہارنی چاہیے البتہ حل کا انتظار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب حقیقت جانتے ہیں کہ بھارت سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں 95 سے 96 فیصد اسپانسرشپ آتی ہے، اس لیے بھارتی بورڈ آنکھیں بھی دکھاتا ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ پاک بھارت ٹیموں کی آمد واقعی حکومتوں کے ہاتھ میں ہے کوئی بورڈ کچھ نہیں کرسکتا ہے، چاہے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہو یا بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)۔سابق کرکٹر نے کہا کہ آپ تصور کریں کہ ویرات کوہلی پاکستان آکر کھیل رہے ہیں اور وہ سنچری بنارہا ہے، پاکستان ورلڈکپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی نہیں کرسکتا لیکن اگر (چیمپئینز ٹرافی) ہوتی ہے تو یہ بڑے ایونٹس کیلئے ایک قدم ہوگا، مجھے ابھی بھی لگتا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔