اسلام آباد(این این آئی)ایف بی آرکے ذیلی ادارے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر پانچ ر یسٹورنٹس سیل کردئیے اور سیل کیے جانیوالے ان پانچ ریسٹورنٹس پر مجموعی طور پر 15لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔تفصیلات کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پانچ معروف ریسٹورنٹس جعلی رسیدیں جاری کرنے پر سیل کردئیے۔ یہ کارروائی شہریوں وصارفین کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر کی گئی کہ یہ ریسٹورنٹس جعلی رسیدیں جاری کررہے ہیں۔یہ اقدام فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ٹیئرونریٹیلرز/ریسٹورنٹس کو پوائنٹ آف سیل انوائسنگ سسٹم کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی کوششوں کے تسلسل میں اٹھایا گیا ہے۔ پہلے سے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت پوائنٹ آف سیل ٹریکنگ سافٹ ویئر کے ذریعے جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد آر ٹی او اسلام آباد کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں پانچ ریسٹورنٹس کو سیل کرکے ان پر مجموعی طور پر15لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔