لاہور( این این آئی)وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ویژن محفوظ پنجاب کے سلسلے میں پولیس ٹیموں کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب لگ بھگ 2لاکھ مجرمان گرفتار کر لئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر1لاکھ 19 ہزار 961 اشتہاری مجرمان گرفتار کئے گئے ، گرفتار شدگان میں اے کیٹیگری کے 21701 اور بی کیٹیگری کے 98620 اشتہاری شامل ہیں۔ پولیس کریک ڈائون میں 59569 عدالتی مفرور بھی گرفتار ہوئے ، اے کیٹیگری کے 5800 اور بی کیٹیگری کے 54169 عدالتی مفروران شامل ہیں ، دوران آپریشنز 31 ہزار 574 ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم)بھی گرفتار ہوئے ، اے کیٹیگری کے 13000 اور بی کیٹیگری کے 18474 ٹارگٹ آفینڈرز شامل ہیں ، سنگین جرائم میں مطلوب 91 اشتہاریوں کو بیرون ممالک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 61 ہزار خطرناک مجرمان گرفتار کئے گئے جن میں 23950 اشتہاری مجرمان، 24770 عدالتی مفرور اور 12278 ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم)شامل ہیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائیوں پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کریک ڈان مزید تیز کرنے کا حکم دیا ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ موثر تفتیش سے مقدمات کو جلد مکمل کرتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں جبکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز دیگر خطرناک مجرمان کے خلاف کریک ڈائون اور ٹارگٹڈ آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔