سیالکوٹ(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے گردوارہ بابے دی بیر ی صاحب کا دورہ کیا اور بابا گرو نانک کے جنم دن پر سکھ یاتریوں کو مبارکباددی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنی اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے،یہی وجہ ہے کہ سکھ یاتریوں کو ملک بھر میں اپنی رسومات کی ادائیگی کے لئے پرسکون اور پرامن ماحول فراہم کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ سکھ مذہب اور بابا گرونانک کا پیغام محبت اور امن کا ہے، فخر ہے گرونانک نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ ہمارے شہر میں گزارا، امریکہ اور یورپ سے سکھ یاتری بھی گوردوارہ بابے دی بیری میں تشریف لائے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔گوردوارہ بابے دی بیری میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور انکے ساتھیوں کو سیوا دار جسکرن سنگھ کی جانب سے چادریں دی گئیں۔ سردار جسبیر سنگھ بوپارائے، سیوا دار سردار جسکرن سنگھ سدھو نے گردوارہ بابے دی بیر صاحب کے دورہ پر کینیڈا سے آئے ہوئے سنگت کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو سووینیر پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار جسبیر سنگھ بوپارائے کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن پر حکومت پاکستان اور پنجاب کی جانب سے بہترین انتظامات پر ہم ان کے مشکور ہیں۔