اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ایف بی آر کو تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کو کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تعمیل کے حوالے سے منعقدہ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس کی مد میں 300سے 350ارب روپے وصول کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرے گی اور دودھ پر عائد ٹیکس واپس لے لے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ایف بی آر کو تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کو کم کرنے کی ہدایت کی ہے، جو تمباکو کے شعبے میں سگریٹ کی غیر قانونی تجارت میں 300 ارب سے 350ارب روپے کی چوری پر قابو پانے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ پر ٹیکس کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے بہتر ریگولیٹری اقدامات کی ضرورت ہے۔